ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شہر میں دو ماہ کے اندر مضافاتی ریل کی شروعات : اننت کمار

شہر میں دو ماہ کے اندر مضافاتی ریل کی شروعات : اننت کمار

Mon, 19 Dec 2016 11:11:42    S.O. News Service

بنگلورو۔18؍دسمبر(ایس او نیوز) اگلے دو ماہ میں شہر میں پہلے مرحلے کی مضافاتی ریل خدمات شروع کردی جائیں گی۔ممبئی کے طرز پر بنگلور میں بھی مسافروں کو یہ سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔یہ بات آج مرکزی وزیر برائے کیمیا وکھاد اننت کمار نے کہی۔ شہر کے این آر کالونی بس اسٹاپ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہریان بنگلور کا یہ دیرینہ خواب رہا ہے کہ دیگر میٹرو شہروں ممبئی ، چنئی اور دہلی کے طرز پر بنگلور میں بھی مضافاتی ریل خدمات مہیا کرائی جائیں۔ اننت کمار نے کہا کہ آج ہی انہوں نے اس سلسلہ میں ریلوے افسران کے ساتھ بات چیت کی ہے جس میں طے کیاگیا ہے کہ فوری طور پر کام شروع کردیا جائے۔پہلے مرحلے میں بنگلور سٹی ریلوے اسٹیشن سے کرشنا راج پورم تک مضافاتی ریل خدمات کی شروعات کی جائے گی۔ اس کے بعد یلہنکا ، یشونت پور ، کنگیری ، بڑدی، رام نگرم اور بنگارپیٹ ریلوے اسٹیشنوں کو جوڑنے کیلئے برقی سہولت فراہم کی جائے گی۔اس کیلئے فوری طور پر ان اسٹیشنوں کو جوڑنے والی تمام ریلوے لائنوں کاالیکٹری فیکیشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں پائپ لائن کے ذریعہ رسوئی گیس کی فراہمی کا کام جو کافی عرصہ سے جاری تھا، مکمل ہوچکا ہے۔ عنقریب 3500مکانات کو راست طور پر پائپ لائنوں سے رسوئی گیس کی فراہمی کے پراجکٹ کی شروعات کی جائے گی۔ شہر میں ٹریفک کے مسئلے کو سلجھانے کیلئے مرکزی وزراء نتن گڈکری ، اننت گیتے ، وینکیا نائیڈو اور منیکا گاندھی سے تبادلۂ خیال کیلئے وزیراعلیٰ سدرامیا اور وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی کو دہلی آنے کی دعوت دیتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ شہر کے ٹریفک کے مسائل کو سلجھانے کیلئے مرکزی حکومت ہر طرح کا تعاون دے گی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے جو نربھیا فنڈ قائم کیا ہے اس میں ایک ہزار کروڑ روپے کی رقم ہے۔اس رقم سے بس اسٹانڈوں میں خواتین کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کیلئے علیحدہ بیت الخلاء کی تعمیر اور بس اسٹانڈوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے کرناٹک کو 106کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پہلی بار شہر میں الیکٹرک بسیں دوڑانے کیلئے مرکزی حکومت کے فیم پراجکٹ کے تحت 150 بسیں بنگلور کو فراہم کرنے کیلئے مرکز سے گذارش کی جائے گی۔ روڈ سیفٹی کے اقدامات کیلئے 40 کروڑ روپیوں کی رقم جاری کی جائے گی۔نیشنل اربن رینول مشن کے امرت پراجکٹ کے تحت شہر کو درکار مزید چھ ہزار بسیں مہیا کرانے کے سلسلے میں مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو سے بات چیت کی جائے گی۔اس سے قبل مسٹر رام لنگا ریڈی نے مرکزی وزیر سے گذارش کی کہ امرت پراجکٹ کے تحت ریاست کو بسیں فراہم کی جائیں۔3.27 کروڑ روپیوں کی لاگت سے این آر کالونی میں متعدد سہولیات سے لیس بس اسٹاپ ، ٹریفک کنٹرول روم ، بس پاس کاؤنٹر ، دکانیں ،ٹاور کلاک ، پینے کے پانی کے کاؤنٹرس وغیرہ مہیا کرائے گئے ہیں۔ اس موقع پر سابق میئر بی ایس ستیہ نارائنا نے کہاکہ اس بس اسٹانڈ سے کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ کے علاوہ کیمپے گوڈا بس اسٹانڈ، مہالکشمی لے آؤٹ ، سلطان پالیہ ، نندنی لے آؤٹ وغیرہ کیلئے بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔اس موقع پر رکن کونسل شرونا ، ایم نارائن سوامی اور دیگر موجود تھے۔


Share: